کمشنر‘ چیئرمین تعلیمی بورڈ‘ کنٹرولر امتحانات کے امتحانی مراکز کے دورے

09 اپریل ، 2023

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ‘ چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات ساجد محمود فاروقی نے مختلف امتحانی مراکز کے دورے کئے۔ انہوں نے اسلامیہ ہائی سکول نمبر4 اور اسلامیہ ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ کمشنر نے امیدواروں کی رول نمبر سلپس اور بیٹھنے کا پلان چیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف امتحانی نظام سے تعلیمی قابلیت پر اعتماد اور ذہانت کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز تمام امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ روزانہ کی بنیاد پر کر رہے ہیں۔ الگ الگ چھاپہ مار ٹیمیں مانیٹرنگ کو موثر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ادہر چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے گورنمنٹ ہائی سکول اوسیہ‘ گورنمنٹ ہائی سکول روات‘ گورنمنٹ ہائی سکول بیگا اور گورنمنٹ ہائی سکول لہتراڑ کا دورہ کیا۔ چیئرمین نے اس موقع مختلف امتحانی کمروں اور ہال میں جاری امتحانات کا جائزہ لیا‘ طلباء کی حاضری چیک کی اور رول نمبر سلپس دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف امتحانات کا انعقاد ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ امتحانی نظام کی شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی عمل میں نقل مافیا کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ مانیٹرنگ کو موثر بنانے کیلئے الگ الگ چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ کنٹرولر امتحانات ساجد محمود فاروقی نے کیڈٹ کالج چوآ سیدنشاہ‘ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج‘ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چوآ سیدنشاہ اور رینجر کالج چکری کا دورہ کیا۔ انہوں نے امتحانی عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں‘ اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا برداشت نہیں کیا جائیگا۔ امتحانات کیلئے موثر اور جامع پالیسی بنائی گئی ہے‘ کمشنر‘ چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی‘ تمام ضلعی انتظامیہ اور ویجی لنس کمیٹیاں سب فیلڈ میں موجود اور امتحان کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت میں عظمت ہے‘ محنتی طلباء کو انکی محنت کا ثمر ضرور ملتاہے۔