مضافاتی علاقوں اور دریائے سواں کے کنارےغیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کا کام جاری

09 اپریل ، 2023

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) راولپنڈی میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس مافیا کا کاروبار عروج پر پہنچنے سے رواں سال لاکھوں بورنگز اور کنوئیں خشک ہونے کا خطرہ لاحق ہو گیا لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔ اس معاملہ میں متعلقہ اداروں کی پراسرار خاموشی بھی حیران کن ہے۔ راولپنڈی میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس مافیا کے باعث زیر زمین پانی کے ذخائر میں  کمی واقع ہو چکی ہے جس کی وجہ سے رواں سال گرمیوں میں پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑیگا ۔ راولپنڈی کے مضافاتی علاقوں اور دریائے سواں کے کنارے مزید غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کا کام جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق پانی کا ایک ایک ٹینکر5سے 6ہزار روپے تک فروخت کیا جاتا ہے۔ راولپنڈی کے ڈھوک چوہدریاں‘ چکلالہ اسکیم تھری‘ غریب آباد‘ گلزار قائد‘ ہارلے سٹریٹ‘ لال کرتی اور دیگر علاقوں میں سرعام پانی کی فروخت کا یہ غیر قانونی کاروبار زورو شور سے جاری ہے۔