کے پی ٹی میں 148بھرتیاںشہری سندھ سے 3امیدوار

09 اپریل ، 2023

کراچی (اسد ابن حسن) کراچی میں قائم ایک اہم ادارہ کراچی پورٹ ٹرسٹ جس کے ملک بھر میں کوئی ذیلی دفاتر نہیں ہیں اس نے 148 بھرتیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق ان بھرتیوں میں 40 ڈرائیوروں کی بھرتی ہو گی جس میں شہری سندھ کے صرف 3 امیدوار کو بھرتی کیا جائے گا۔ 28 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں چلانے والے ڈرائیور بھرتی کیے جائیں گے۔ اس میں شہری سندھ کا ڈومیسائل رکھنے والے اپلائی کرنے کے مجاز نہیں جبکہ 80 فائر مین جو بھرتی کیے جائیں گے وہ مقامی بنیادوں پر بھرتی ہونگے۔ مذکورہ پوسٹیں عموماً مردوں کے لیے تصور کی جاتی ہیں مگر حیرت انگیز طور پر ان بھرتیوں میں نہ صرف خواتین کا 10 فیصد اور "معذور" افراد کا 2 فیصد کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے۔ 40 ڈرائیوروں کا کوٹہ کچھ یوں ہے: میرٹ (2)، پنجاب (20)، شہری سندھ (3)، دیہی سندھ (5)، خیبرپختونخوا (4)، بلوچستان (3)، فاٹا اور آزاد جموں کشمیر ایک ایک، اسی طرح 28 فائر ٹینڈرز ڈرائیوروں کی بھرتی کا کوٹہ میرٹ (15)، پنجاب (6)، دیہی سندھ، کے پی کے اور بلوچستان دو دو اور اے جے کے ایک۔ شہری سندھ کا کوئی کوٹہ نہیں۔ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 22 اپریل ہے۔ اسی طرح مزکورہ ادارہ تین میڈیکل افسر بھی بھرتی کرے گا جس میں شہری سندھ کا کوئی کوٹہ مختص نہیں کیا گیا ہے۔ اس بھرتی کا کوٹہ میرٹ 1، پنجاب 1، اور بلوچستان 1 مختص رکھا گیا ہے۔