علی امین گنڈا پور ڈی آئی خان سے اسلام آ با د منتقل ، کارکنوں کا احتجاج ،5گرفتار

09 اپریل ، 2023

راولپنڈی ، ڈیرہ اسماعیل خان (نمائندہ جنگ، سٹاف رپورٹر)اسلام آبادپولیس پی ٹی آئی کے راہ نما علی امین گنڈاپورکوگرفتارکرکے اسلام آبادلے آئی ، ذرائع کے مطابق وفاقی پولیس کی ٹیم ہفتہ کی صبح ڈیرہ اسماعیل خان علی امین گنڈاپورکی تھانہ گولڑہ میں درج مقدمہ میں گرفتاری کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچی تھی جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے ملزم کی حوالگی کے احکامات حاصل کرنے کے بعدپولیس سینٹرل جیل ڈی آئی خان پہنچی جہاں سے ملزم کوباضابطہ گرفتارکرکے اسلام آبادلایاگیا ، اس موقع پر کارکنان کی جانب سے ٹاؤن ہال کے قریب ٹائرجلا کرروڈ بلاک، نعرہ بازی اور احتجاج کیا گیا جس پر مقامی پولیس نے پی ٹی آئی کے 5کارکنان کو گرفتار کرلیا ، اس سے قبل سابق وفاقی وزیر سرار علی امین خان گنڈا پور کی گرفتاری پر اظہار یکجہتی کےلئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ‘سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک ‘پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی اور ایم این اے یعقوب شیخ اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گئے جہاں انہوں نے الامین ہاؤس میں علی امین گنڈہ پور کے بھائی سابق وزیربلدیات خیبرپختونخواہ سردار فیصل امین گنڈہ پور اور سٹی میئر تحصیل ڈیرہ عمر امین گنڈہ پور سے ملاقات کی اور پارٹی قیادت کی جانب سے اہم پیغام پہنچایا اور انکو پارٹی کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوےئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی کے خلاف بنائے گئے مقدمات کا کوئی وجود نہیں، اگر حکمرانوں کا خیال یہ ہے کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ڈر کر پیچھے ہٹیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، پرویز خٹک نے کہا ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں صاف شفاف الیکشن ہوں اس کےلئے ہم جد وجہد کررہے ہیں،سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ وفاقی حکومت کا ظلم حد سے بڑھ گیا ہے ‘جنہوں نے چوروں کےخلاف جہاد کیا ان کو جیلوں میں ڈالا جارہاہے، علی امین گنڈا پور بھکر پولیس کو تین مقدمات جبکہ اسلام آباد پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب ہیں ۔ادھرترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہاہے کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے علی امین کو عدالت کی اجازت سے باضابطہ گرفتار کیا ہے،اس حوالے سے بے بنیاد افواہوں اور پراپیگنڈہ سے گریز کیا جائے ،ترجمان کاکہناتھاکہ اسلام آباد پولیس افواہیں پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے اوراسلام آباد کیپیٹل پولیس قانون کی بالادستی کےلیے مصروف عمل ہے۔