خیبر ، فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تباہ ، دو اہلکار شہید ، متعددزخمی

09 اپریل ، 2023

اسلام آباد ، خیبر، ہنگو (وقائع نگار ، نمائندہ جنگ، این این آئی ) ضلع خیبر میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا کر مکمل طور پر تباہ ہو گئی ، جس کے نتیجے میں دو سیکورٹی اہلکار شہید ہو گئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے باعث 2 سیکورٹی اہلکار جام شہادت نوش کر گئےبتایا گیا ہے کہ دھماکا سیکورٹی فورسز کی گاڑی سڑک کنارے نصب بارودی مواد سے ٹکرانے کے باعث ہوا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور متعدد زخمی بھی ہو گئے، جنہیں علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا،سیکورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کا قافلہ فورٹ سلوپ سے علی مسجد فورٹ جارہا تھا کہ ملک دین خیل کے علاقے میں روڈ کے کنارے نصب بارودی مواد زوردار دھماکے سے پھٹ گیا ۔ادھر اورکزئی میں بارودی مواد پھٹنے سے ایک نوجوان جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر طیب عبد اللہ کے مطابق اپر اورکزئی کے علاقے غل زختان میں جلیل اور شناب کباڑ اکٹھا کر رہے تھے کہ اس میں دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دونوں بھائی شدید زخمی ہوگئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر پہنچ کر دونوں زخمیوں کو ڈی ایچ کیو مشتی میلہ ہسپتال منتقل کیا جہاں جلیل زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا جبکہ شناب کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔