چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی کا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ

09 اپریل ، 2023

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے گزشتہ روز دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ ان کا یہ دورہ جمعہ کے روز پراجیکٹ کی ایک سائٹ پر رونما ہونے والے حادثہ کے پس منظر میں تھا۔ چیئرمین واپڈا نے اپنے دورے میں حادثہ کے مقام کا جائزہ لیا اور سائٹ پر موجود ورکرز سے تبادلہ خیال بھی کیا۔ جنرل منیجر سکیورٹی واپڈا، چیف ایگزیکٹو آفیسر دیامربھاشا کمپنی، جنرل منیجر دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ، واپڈا اور دیامر بھاشا کی ضلعی انتظامیہ کے علاوہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اِس دوران موجود تھے۔ قبل ازیں پراجیکٹ انتظامیہ نے چیئرمین واپڈا کو حادثہ کی وجوہات اور ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیئرمین واپڈا نے اپنی گفتگو کے دوران حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے ہدایت کی کہ ورکرز کے تحفظ کے موجودہ اقدامات کا ازسرنو تفصیلی جائزہ لیا جائے اور پراجیکٹ کی تمام سائٹس پر ورکرز کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ چیئرمین واپڈا نے اپنے دورے میں حادثہ کے دوران معمولی زخمی ہونے والے ورکرز کو امدای رقم کے چیک بھی پیش کئے۔ اِس وقت منصوبے کی درجن بھر سے زائد سائٹس پر تعمیراتی کام بیک وقت جاری ہے۔ چیئرمین واپڈا نے زیرتعمیر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا اور اسٹارٹرڈیم، کٹ آف وال (Cut-of-Wall)اور زیر زمین پاور ہاؤس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔