بیساکھی تقریبات کیلئے2,856بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری

09 اپریل ، 2023

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بیساکھی کی تقریبات کیلئے سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے۔ رواں سال پاکستانی ہائی کمیشن نے 2,856بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کئے۔ سکھ یاتریوں کو نو سے اٹھارہ اپریل تک پاکستان کے ویزے جاری کئے گئے ہیں۔ بھارتی یاتری اتوار کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔ دورے کے دوران زائرین ڈیرہ صاحب، پنجہ صاحب، ننکانہ صاحب اور کرتارپور صاحب جائیں گے۔ بیساکھی اور خالصہ جنم دن کی مرکزی تقریب چودہ اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ہوگی۔ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام کل واہگہ بارڈر پر بھارتی مہمانوں کا استقبال کرینگے۔