پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو فارغ کرنیکااقدام چیلنج کرنے کا فیصلہ

09 اپریل ، 2023

پشاور(نیوز رپورٹر)تحریک انصاف خیبر پختونخوا نے نگران حکومت کی جانب سے 1109سوشل میڈیا انفلوئنسرز فارغ کرنے کے اقدام کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس حوالے سے گزشتہ روز سابق صوبائی وزیر اور پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے بیان جاری کیا ہے ۔ سابق صوبائی وزیرکے مطابق نگران حکومت کے پاس ملازمت سے فارغ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ نگران حکومت اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے۔ سوشل میڈیا انفلوینسرز ٹیم کی بھرتی میرٹ اور اے ڈی پی سے منظوری کے بعد کی گئی تھی۔ نگران حکومت کے پاس اگر روزگار دینے کا اختیار نہیں ہے تو چھیننے کا اختیار بھی نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نگران حکومت کے اس اقدام کے خلاف انصاف لائرز فورم اور بیرسٹر محمد علی سیف کے ذریعے بہت جلد پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی جائے گی جس میں سوشل میڈیا انفلوئنسزز کوفارغ کرنے کا اقدام چیلنج کریں گے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے دور میں 1109سوشل میڈیا انفلوئنسرزکو بھرتی کیاگیا تھا جنہیں ماہانہ 25000روپے دیئے جارہے تھے تاہم موجودہ نگران حکومت نے انہیں خزانے پر بوجھ قراردیکر فارغ کردیا۔