اسٹیبلشمنٹ،حکومت اور ہم بیٹھیں،ایکدوسرے کو اسپیس دیکر آگے بڑھیں،PTI

09 اپریل ، 2023

لاہور(نمائندہ جنگ )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے حماد اظہر کے ہمراہ گارڈن ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ،حکومت اور ہم بیٹھیں،ایکدوسرے کو اسپیس دیکر آگے بڑھیں۔ صدر مملکت نےعدالتی اصلاحات بل واپس بھیج کر درست فیصلہ کیا ہے۔یہ سب نااہل ہونگے۔ فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے کہ یہ قانون بنے گا یا نہیں ملکی بحرانوں کا واحد حل انتخابات کی طرف بڑھنے میں ہے۔پاکستان کے عوام کا مسئلہ نوے روز میں الیکشن کروانا ہے۔ پی ڈی ایم جماعتوں میں شامل چھوٹے لوگ ہیں۔ اصل معاملے سے توجہ ہٹانے کے لئے کبھی ججز کی تقسیم اور کبھی چیف جسٹس کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے ہیں۔تمام ججز ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ قانون کی دسترس کا مظاہرہ چیف جسٹس آف پاکستان نے کیا ہے۔ قوم انکے فیصلے کو دیکھ رہے ہیں۔ چیف جسٹس کا فیصلہ انصاف کے اوپر بیس کررہا ہے۔ پنجاب میں سارے پراپرٹی ڈیلر وزیر بن گئے ہیں۔ پیسے دیکر وزارتیں خریدی گئی ہیں۔ جو حکومت یہ کہے کہ ہمارے پاس الیکشن کروانے کے لئے پیسے نہیں ہیں اور سیکورٹی بھی نہیں ہے،پاکستان ایٹمی طاقت ہے ایسی بات کرکے کیا ہم بین الاقوامی سطح پر اپنے لئے مسائل نہیں پیدا کر رہے۔ حکومت نے بیٹھنا ہے تو الیکشن پر بیٹھیں۔ الیکشن کے رولز کے حوالے سے بات کریں۔ ججز کے خلاف گندی مہم چلائی گئی ہے۔ قوم عدلیہ کے ان ججز کے ساتھ کھڑی ہے۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء حماد اظہر نے کہاکہ بڑی شان وشوکت کے ساتھ پی ڈی ایم کے ٹولے کو مسلط کیا گیا ہے۔ اس وقت مہنگائی کی شرح 34 فیصد ہے۔ بزی دالیں گھی سب مہنگا ہوچکا ہے۔ زرمبادلہ نو ارب ڈالر پر آگئے ہیں۔کسی بھی دوست ملک نے بھی ہماری مدد کرنے سے انکار کردیا ہے۔ روپے کی قدر میں مسلسل کمی آئی ہے۔ کئی ہزار گنا قرضہ بڑھ چکا ہے۔صنعت کا شعبہ منفی میں چلی گئی ہے۔ پچاس فیصد صنعت اس وقت بند ہو گئی ہے۔ ایکسپورٹ میں بھی کمی ہوئی ہے۔انڈسٹری کے پاس خام مال امپورٹ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ حماد اظہر نے کہاکہ کروڑوں لوگ بیروزگار ہوچکے ہیں۔ بجلی کی قیمت میں پچاس فیصد ٹیرف بڑھ چکا ہے۔ ملک کی معاشی گروتھ منفی میں ہے۔ چالیس لاکھ لوگ ایک سال میں غربت کی لکیر سے نیچے جاچکے ہیں۔اگر اب بھی کسی کو شوق ہے کہ انہیں پاکستان پر مسلط رکھنے کا تو اس سے بڑی افسوسناک بات کیا ہوگی۔ اس مسلط ٹولے نے جو تباہی مچائی ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔