عمرانی فتنے نے ملک کو تباہی کے کنارے لاکھڑا کیا، رانا ثنااللہ

09 اپریل ، 2023

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ و صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثنااللہ خان نے کہا ہےعمرانی فتنے نے ملک کو تباہی کے کنارے لاکھڑا کیا، آئی ایم ایف کی بات نہ مانتے تو مرتے اور مانیں تو عوام متاثر ہورہے ہیں،حکومت انتہائی نامساعد حالات میں ملک کو سنبھال رہی لیکن انشااللہ ہم جلد مشکلات پر قابو پالیں گے،نواز شریف کے دور میں ملک میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم کی گئی مگراس کے بعد ایک فتنے کوپورا پلان کرکے لایا گیا، بدقسمتی ہے کہ اس بد بخت انسان کو پاکستان پر مسلط کیا گیاجوچار سال ہمارے ساتھ پارلیمنٹ میں بیٹھا رہا مگراس نے کبھی سلام تک لینا مناسب نہیں سمجھا۔ وہ ہفتہ کی شام اپنے حلقہ نیابت میں ایک ترقیاتی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب 2013 میں عوامی مینڈیٹ سے نواز شریف اقتدار میں آئے تو ڈالر 110 روپے، پٹرول65 روپے لیٹر،چینی50 روپے، آٹا35 روپے کلو تھا۔اس وقت بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی عروج پر تھی مگر نواز شریف نے اقتدار میں آتے ہی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ اس وقت ملک6.2 فیصد کے حساب سے تیزی سے ترقی کررہا تھالیکن اس فتنے نے آئی ایم ایف سے ایسا معاہدہ کرلیا کہ اگر ہم وہ پورا نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا ہم نے سیاست کی بجائے ریاست بچانے کیلئے یہ کڑوا گھونٹ پیا۔ انہوں نے کہا کہ عمرانی فتنے نے معاشرے میں بڑے چھوٹے کی تمیز ختم کردی اور ایسا کلچر متعارف کرایا کہ نوجوان نسل اخلاقی پستی و تباہی کے دھانے پر پہنچ گئی۔ وہ پوچھتے ہیں کہ اس نے یوتھ کیلئے جن ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا وہ نوکریاں کہاں ہیں، بے گھر افراد کیلئے جن 50 لاکھ گھروں کا اعلان کیا تھا وہ گھر کہاں ہیں، بلکہ سچی بات تویہ ہے اس نے اپنی تمام تر توجہ سیاسی مخالفین کو کچلنے اور ان پر جھوٹے مقدمے قائم کرنے پر لگائی، اس بدبخت کی تھیوری دیکھیں کہتا ہے کہ میں سیاسی مخالفین سے بات نہیں کروں گاسیاست میں ایسے نہیں چلتا لیکن یہ سیاستدان ہے ہی نہیں، اس کی پالیسیوں کے نتیجہ میں آج ڈالر اور پٹرول 300روپے کے قریب پہنچ گیا ہے، اب ایک بار پھر وقت آگیا ہے کہ عوام آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں تاکہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ایک بار پھر تعمیر و ترقی کی شاہراہوں پر گامزن کیا جاسکے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ وہ پورے حلقے کے ہر گاؤں میں گیس مہیا کریں گے جبکہ جن علاقوں میں بجلی کا مسئلہ ہے اسے بھی آئندہ چند روز میں حل کردیا جا ئے گا