کامیاب ترین آئی سی سی امپائر علیم ڈار کا مثالی کیریئر ختم

09 اپریل ، 2023

ڈھاکا (جنگ نیوز) پاکستانی امپائر علیم ڈار بطور آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر مثالی کیریئر اختتام کو پہنچا۔ گزشتہ روز ڈھاکا میں بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ سپروائز کرنے کے بعد فیلڈ سے رخصت ہوگئے۔ میچ کے اختتام پر انہیں دونوں ٹیموں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔54سالہ علیم ڈار آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی امپائر تھے۔ انہوں نے2002 میں ڈیبیو کیا ۔2002 میں انٹرنیشنل پینل آف امپائر جبکہ 2004میں آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے مینز اور ویمنز کرکٹ کے 444میچز میں امپائرنگ کی۔ انہوں نے2006کی چیمپئنز ٹرافی، 2007 اور 2011کے آئی سی سی ورلڈ کپ فائنل ،2010 اور 2012 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل بھی سپروائز کیے۔ علیم ڈار نے 2009، 2010اور 2011میں تین مرتبہ لگاتار آئی سی سی امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔ کامیاب ترین کیریئراختتام پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔