پنجاب انتخابات کے سبب قومی گیمز کو ایک ہفتے آگے بڑھانے کی تجویز

09 اپریل ، 2023

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر) پنجاب میں14مئی کو انتخابات کی وجہ سے بلوچستان حکومت نے 34ویں قومی گیمز15 کے بجائے22 مئی سے کرانے کی تجویز پیش کردی ہے، حتمی فیصلہ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی 11اپریل کو کرے گی۔ بلوچستان حکومت کے مطابق 15مئی سے گیمز شروع ہونے کی وجہ سے پنجاب کے کھلاڑی اور آفیشلز پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کے استعمال سے محروم ہوجائیں گے، پاکستان اولمپکس کا وفد ان دنوں کوئٹہ میں ہے جہاں وہ کھیلوں کے انتظامات کا جائزہ لے رہا ہے۔ نو روزہ گیمز میں تین ہزار سے زائد ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔دریں اثنا پاکستان اسپورٹس بورڈ نے قومی گیمز کی وجہ سے مختلف شہروں میں جاری کئی کھیلوں کے کیمپ جون کے پہلے ہفتے تک بند کردیے ہیں۔ ایشین گیمز اور سائوتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں مختلف کھیلوں کے کیمپ لگے ہوئے تھے ۔