سگریٹ فیکٹریوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب خوش آئند ہے، سمیرا عرفان

09 اپریل ، 2023

اسلام آباد(نامہ نگار) وزیر اعظم کی طرف سے دو ہفتوں میں تمام سگریٹ فیکٹریوں میں ٹریک اینڈ ٹریس کی تنصیب کے اعلان کا خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستانی سگریٹ کمپنی خیبر ٹوبیکو نےکہا ہے کہ یہ تمباکو کی صنعت کے مفاد میں ہے کہ ملک میں جعل سازی اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی چوری پر قابو پانے کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو ملک میں موثر طریقے سے لاگو کیا جائے۔ ایک بیان میں خیبر ٹوبیکو کی سی ای او سمیرا عرفان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے دو ہفتوں کے اندر تمام سگریٹ فیکٹریوں میں ٹریک اینڈ ٹریس کی تنصیب کو تیز کرنے کے حالیہ اعلان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہاکہ جعلی مصنوعات اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی چوری کو روکنے کا یہ بہترین اور موثر طریقہ ہے۔ انہوں نے زمینی سطح پر احکامات کے ناقص نفاذ پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ اقدامات بشمول ٹریک اینڈ ٹریس اور ایکسائز ڈیوٹی تمباکو کے شعبے سے ٹیکس کی وصولی کو بڑھانے کے لیے ناگزیر ہیں۔ تاہم ان پرحقیقی معنوں میں عمل درآمد کی ضرورت ہے۔اسلام آباد میں اعلی سطح کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تمام سگریٹ فیکٹریوں میں دو ہفتوں میں آٹومیٹک ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نصب کیا جائے۔ وزیراعظم نے سرحد پار سے سگریٹ کی اسمگلنگ پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور بارڈر کراسنگ پر اچھی شہرت کے حامل افسران کی تعیناتی کی ہدایت کی۔سمیرا عرفان نے حکومت سے سرحدی کنٹرول کو بہتر بنانے کی بھی درخواست کی تاکہ اسمگل شدہ سگریٹ کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔