محکمہ زراعت پنجاب اور کیبی کے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

09 اپریل ، 2023

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) محکمہ زراعت پنجاب اور سینٹر فار ایگریکلچر اینڈ بائیو سائنسز انٹرنیشنل (کیبی) کے مابین فوڈ سیکورٹی کو بہتر بنانے کے لئے " پلانٹ وائز پلس پروگرام" کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے جس کی رو سے محکمہ زراعت اور سینٹر فار ایگریکلچر اینڈ بائیو سائنسز انٹرنیشنل مل کر کام کریں گے اور پلانٹ کلینکس کے نیٹ ورک کو ڈیجیٹلائز کرکے ای۔پلانٹ کلینکس کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے کاشتکارو ں کو فصلوں کی بیماریوں کی تشخیص میں آسانی ہوگی اور ملکی فوڈ سیکیورٹی کے حصول میں مدد ملے گی۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں 2012 ء سے اب تک محکمہ زراعت700 پلانٹ کلینکس کے ساتھ پلانٹ وائز پروگرام چلا رہا ہے لیکن بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات،نقصان دہ کیڑوں اور بیماریوں کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان چھ ممالک میں شامل ہے جو پلانٹ وائز پلس پروگرام کے تحت فصلوں کی بیماریوں کی تشخیص و کنٹرول سے فوڈ سیکیورٹی کے حصول کو یقینی بنا رہے ہیں۔