ایف پی سی سی آئی کا بحران کے حل کیلئے اقدامات نہ کرنے پر اظہار تشویش

09 اپریل ، 2023

کراچی ( آن لائن ) ایف پی سی سی آئی نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے موجودہ بحران سے نمٹنے کے لئے اقدامات نہ کرنے پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک سے درآمدی خام مال کی کلئیرنس کے مسئلے کے حل کے لئے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔نائب صدر ایف پی سی سی آئی شبیر منشا چھرا نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا کہ ملکی تاریخ میں کبھی معاشی صورتحال ایسی نہیں ہوئی،موجودہ معاشی صورتحال میں ہنگامی بنیادوں پر اہم اقدامات اٹھانے ہی ہونگے۔شبیر منشانے اپنے خط میں کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کو مختلف ٹریڈ اور انڈسٹری کی جانب سے شدید پریشر کا سامنا ہے، اسٹیٹ بینک کو ہم مختلف اوقات میں درآمدی مال نہ ملنے پر آگاہ کرتے رہے لیکن کچھ نہیں کیا گیا۔نائب صدر شبیر منشاچھرا نے کہا کہ ایکسچینج کمپنیز کو ڈالر خرید کر امپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔