فوڈ سیکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے پلانٹ وائز پلس پروگرام کی یاداشت پر دستخط

09 اپریل ، 2023

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) محکمہ زراعت پنجاب اور سینٹر فار ایگریکلچر اینڈ بائیو سائنسز انٹرنیشنل کے مابین فوڈ سیکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے پلانٹ وائز پلس پروگرام کی یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کی رو سے محکمہ زراعت اور سینٹر فار ایگریکلچر اینڈ بائیو سائنسز انٹرنیشنل مل کر کام کریں گے اور پلانٹ کلینکس کے نیٹ ورک کو ڈیجیٹلائز کرکے ای پلانٹ کلینکس قائم کئے جائیں گے، جس سے کاشتکارو ں کو فصلوں کی بیماریوں کی تشخیص آسانی ہوگی اور ملکی فوڈ سیکیورٹی کے حصول مدد ملے گی، اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا کہ 2012 ء سے اب تک محکمہ زراعت 700پلانٹ کلینکس کے ساتھ پلانٹ وائز پروگرام چلا رہا ہے لیکن بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات، نقصان دہ کیڑوں اور بیماریوں کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ فی ایکڑ پیداوار بڑھے۔چھوٹے کاشتکاروں کو فصلوں کے متعلق ڈیجیٹل ایڈوائزری اُن کے موبائل فون پر جاری کی جائے گی بڑے پیمانے پر دوست کیڑوں کی افزائش کے لئے کمرشل بائیو کنٹرول لیبارٹری قائم کی جائے جس سے کسانوں کو فصلوں کے ضرر رساں کیڑوں کے کنٹرول کے لئے دوست کیڑے مہیا کئے جائیں گے اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی نے کہا کہ فصلوں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص کے لئے جاری پلانٹ کلینکس پروگرام کو زیادہ موثر بنایا جائے گا اب تک4 لاکھ سے زائد کاشتکار اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں اب اس معاہدہ کے تحت محکمہ زراعت ڈیجیٹلائزڈ پلانٹ کلینکس کے ذریعے کاشتکاروں کو کیڑوں اور بیماریوں کے کنٹرول کے لئے بروقت راہنمائی اور موثر اقدامات کو یقینی بنائے گا۔