انتخابات کی تاریخ،آل پارٹیز کانفرنس کا فیصلہ ،جماعت اسلامی کی جانب سے عمران خان اور شہباز شریف سے رابطے ،بات چیت کیلئے PTIنے تین رکنی کمیٹی قائم کردی

17 اپریل ، 2023

اسلام آباد(جنگ نیوز) پاکستان میں عام انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے عیدالفطر کے بعد کل جماعتی کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے شہباز شریف اور عمران خان کو مذاکرات کیلئے منا لیا ہے ۔ جماعت اسلامی سے مذاکرات کیلئے تحریک انصاف کی تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔ جس میں پرویز خٹک، سینٹر اعجاز احمد چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس جماعت اسلامی کی قیادت میں ہونے کا امکان ہے، عمران خان اور شہباز شریف کو اے پی سی میں بلانے کے لیے رابطے شروع کر دیے گئے ہیں۔ سیاسی بحران ختم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی قیادت میں انتخابات کی تاریخ کے لیے اے پی سے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی قیادت میں آل پارٹیز کانفرنس ہوگی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق اب تک شہباز شریف اور عمران خان سے الگ الگ ملاقات کرکے ابتدائی بات چیت کر چکے ہیں۔ آل پارٹیز کانفرنس کا ون پوائنٹ ایجنڈا عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق رائے ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن الیکشن کے بارے میں ایک تاریخ پر اتفاق کریں، حکومت کو اکتوبر سے قبل جبکہ تحریک انصاف کو مئی کے بعد الیکشن کے لیے رضامند کرنے کی کوشش کی جائےگی۔مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق کو جماعت اسلامی سے معاملات آگے بڑھانے کے لیے گرین سگنل دے دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے نامزد وفود سے جماعت اسلامی کی قیادت کے اے پی سی سے پہلے مزید مذاکرات ہوں گے۔ دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف اور جماعتِ اسلامی پاکستان کے مابین مذاکرات کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایات پر تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ۔ مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔ تین رکنی کمیٹی میں پرویز خٹک، سینیٹر اعجاز احمد چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں ۔ تحریک انصاف کی تین رکنی کمیٹی ملک میں جاری سیاسی بحران کے حوالے سے جماعتِ اسلامی پاکستان سے مذاکرات کرے گی۔ یاد رہے کہ ملک میں جاری سیاسی تنا کم کرنے کیلئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور میں موجود وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے گزشتہ روز الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے شہباز شریف اور عمران خان کو مذاکرات کیلئے منا لیا ہے ۔