برطانیہ میں کوویڈ سے بچائو کی موسم بہار کی بوسٹر مہم شروع

17 اپریل ، 2023

لندن (پی اے) برطانیہ میں کوویڈ سے بچائو کی موسم بہار کی بوسٹر مہم شروع کردی گئی، اس مہم کے دوران کم وبیش 5 ملین افراد کو جون کے آخر تک ویکسین کا بوسٹر لگوانے کا اہل قرار دیا گیا ہے اور اس مقصد کیلئے این ایچ ایس کے ذریعے ویکسی نیشن کی اپائنٹمنٹ لینے ہزاروں ویکسی نیشن اپائنٹمنٹ سینٹر قائم کردیئے گئے ہیں۔ انگلینڈ میں قائم کئے ایسے کم وبیش3,000 مراکز پر ویکسی نیشن کا آغاز پیر سے کیا جائے گا۔ 75سال یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ویکسی نیشن کرانے کا اہل قرار دیا گیا ہے، اس کے علاوہ کمزور قوت مزاحمت کے 5 سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں کو بوسٹر کا اہل قرار دیاگیا ہے، اس کے ساتھ ویکسی نیشن کا کیئر ہوم پروگرام بھی، جو 2 ہفتے پہلے شروع کیا گیا تھا، جاری ہے۔ اس ہفتے کم وبیش 725,000 کوویڈ ویکسین دستیاب ہوں گی جبکہ این ایچ ایس کے ذریعے 320,000 لئے جاچکے ہیں۔ این ایچ ایس نے اپنی ایپ کے ذریعے 1.25 انوی ٹیشن جاری کی ہیں، مزید ایک ملین افراد کو ویکسین کی بکنگ کرانے کو کہا جائے گا۔ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ انھیں بوسٹر لگنی چاہئے لیکن ابھی تک انھیں انوی ٹیشن موصول نہیں ہوئی ہے، وہ لوگ نیشنل بکنگ سروس کے ذریعے خود ہی اپنے آپ کو اہل قرار دے کر سینٹر پر جا کر بات کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب کورونا کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہسپتال میں داخل ہونے والے کورونا سے متاثرہ لوگوں میں اکثریت 75 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کی ہے، فی الوقت کورونا سے متاثر ہو کر ہسپتال آنے والے 75-84سال عمر کے لوگوں کی اوسط ایک لاکھ افراد پر 34.9 اور 85 سال اور اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کی 74.5فی لاکھ ہے۔ حالیہ ہفتوں کے دوران اس شرح میں کمی آئی ہے لیکن دوسری عمر کے لوگوں کے مقابلے میں اب بھی زیادہ ہے۔ یہ بات بہت اہم ہے کہ320,000 افراد ویکسین کیلئے بکنگ کراچکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد صرف اسی ہفتے ویکسین لگوائیں گے۔ دسمبر 2020 سے 145 ملین افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ جن لوگوں کو ویکسین لگوانے کی انوی ٹیشن جاری کی گئی ہے، انھیں اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ وہ ویکسین گزشتہ ویکسین سے کم از کم 3 ماہ بعد لگوا رہے ہیں۔ موسم بہار کی ویکسی نیشن کی آخری آفر 30 جون کو کی جائے گی، اس تاریخ کے بعد 31 اگست2022 کو5 سال کی عمر کو پہنچنے والے بچوں کو ویکسی نیشن کرانے کی پیشکش کی میعاد بھی ختم ہوجائے گی۔ JCVI نے اس سال کے شروع میں کہا تھا کہ موسم بہار میں بوسٹر ویکسی نیشن میں Pfizer, Moderna, Sanofi/GSK کی ویکسین شامل ہوں گے، متبادل ویکسین دستیاب نہ ہونے کی صورت میں Novavax کی ویکسین بھی دستیاب ہوگی۔ 12 سال سے کم عمر بچوں کو فائزرکی BioNTech ویکسین لگائی جائے گی۔