وزیر اعظم آزاد کشمیر کا انتخاب نہ ہوسکا،پی ٹی آئی مشکلات کا شکار،اسمبلی اجلاس آج تک ملتوی

17 اپریل ، 2023

مظفر آباد(صباح نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیرکا انتخاب ایک بار پھر ملتوی ہو گیا ہے ۔ اتوار کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے شروع ہونے والاقانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج(17اپریل) تک ملتوی کر دیا گیا ہے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے تحریک انصاف مسلسل کوششوں کے باوجود وزیراعظم کا امیدوار فائنل نہ کر سکی جبکہ اختلافات برقرار ہیں۔تحریک انصاف کے فارورڈ بلاک کی جانب سے اپوزیشن کے ساتھ معاملات طے ہونے کا دعوی کیا جا رہا ہے۔بیرسٹر سلطان گروپ نے چوہدری اخلاق اور چوہدری رشید کا نام وزارت عظمی کے لیے پیش کیا ہے۔ اپوزیشن اور بیرسٹر گروپ کے اتحاد کی صورت میں انھیں 26ووٹ ملنے کا امکان ہے۔تحریک انصاف کے پاس بھی 26اراکین موجود ہیں اور ایک ووٹ توڑنے والا بازی پلٹ سکتا ہے۔