کچے کے علاقوں میں پولیس آپریشن جاری ، متعدد ڈاکو ہلاک اور گرفتار

17 اپریل ، 2023

رحیم یار خان(این این آئی)سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں پولیس کا گرینڈ آپریشن آٹھویں روز بھی کامیابی سے جاری رہا جس میں اب تک متعدد ڈاکوؤں کو ہلاک و گرفتار کیا جا چکا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کی کچہ کراچی میں بھاری ہتھیاروں اور بکتر بندگاڑیوں کے ساتھ پیش قدمی مسلسل اتوار کو بھی جاری رہی ، پولیس نے ڈاکوؤں اور عسکریت پسندوں کے مزید چار ٹھکانوں کو نذر آتش کر کے قبضہ جمالیا ہے ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس اور عسکریت پسند گروہوں کے درمیان کچہ کراچی میں بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ میں متعدد ڈاکو ہلاک اور گرفتار ہو چکے ہیں ، مجرموں کے خفیہ ٹھکانوں سے بھاری تعداد میں سمگل شدہ بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کے مسلح دستے نو گو ایریا بستی کابل لٹھانی میں داخل ہوگئے ، خطرناک لٹھانی گینگ کے متعدد خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کرتے ہوئے علاقے کو قبضہ میں لے لیا گیا، جبکہ بستی غنی لٹھانی میں بھی آپریشن کے بعد پولیس نے کنٹرول سنبھال لیاہے۔