روس سے لین دین کرنیوالی کمپنیوں پر امریکی پابندیوں پر چین کا احتجاج

17 اپریل ، 2023

بیجنگ (این این آئی)چین نے روس سے لین دین کرنے والی اپنی کمپنیوں کے خلاف امریکاکی حالیہ پابندیوں پر احتجاج کیا ہے اور اس اقدام کو غیرقانونی قراردیا ہے اورکہاہے کہ امریکا کی قدغنوں سے عالمی سپلائی چینز کو خطرہ لاحق ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا کے محکمہ تجارت نے چین اور ہانگ کانگ میں قائم پانچ کمپنیوں کو ممنوعہ اداروں کی فہرست میں شامل کیا ہے اورانھیں کسی بھی امریکی کمپنی کے ساتھ تجارت کرنے سے روک دیا ہے۔واشنگٹن یوکرین کے خلاف جنگ میں روس کو مدد مہیاکرنے والی غیرملکی کمپنیوں کے خلاف پابندیوں کے نفاذ کوسخت کررہا ہے، جس کی وجہ سے وہ ماسکو یا امریکاکے ساتھ تجارت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبورہیں۔پابندیاں کا شکارکمپنیوں کی فہرست میں مالٹا سے لے کر ترکی اور سنگاپور تک کے 28 اداروں کو شامل کیا گیا ہے۔چین کی وزارت تجارت نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کے اقدام کی کوئی بین الاقوامی قانونی بنیاد ہے اور نہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے ایسے اقدام کا مجازہے۔بیان میں کہاگیا کہ چین اس کی سختی سے مخالفت کرتاہے۔یہ ایک عام یک طرفہ پابندی ہے جو کاروباری اداروں کے جائز حقوق اورمفادات کو شدید نقصان پہنچاتی ہے اورعالمی سپلائی چین کی سلامتی اوراستحکام کو متاثرکرتی ہے۔اس نے مزید کہا کہ امریکاکو فوری طور پراپنے غلط کاموں کودرست کرنا چاہیے اورچینی کمپنیوں کوغیر معقول طورپردبانے کا سلسلہ بند کرنا چاہیے۔چین اپنی کمپنیوں کے جائزحقوق اورمفادات کا بھرپور تحفظ کرے گا۔