ووٹ کی طاقت سے سندھ میں زرداری مافیا کو شکست دینگے،عمران خان

17 اپریل ، 2023

لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ووٹ کی طاقت سے سندھ میں زرداری مافیا کو شکست دینگے، سندھ کے عوام عام انتخابات کی تیاری کریں، سندھ کے عوام کو زرداری گروپ سے جلد نجات دلائیں گے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے لاہور میں ملاقات کی۔خرم شیر زمان نے عمران خان کو سیاسی ورکرز کی گرفتاریوں سے متعلق آگاہ کیا، ملاقات میں عمران خان کے متوقع دورہ سندھ پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔عمران خان نے کہا کہ سندھ کے عوام عام انتخابات کی تیاری کریں، سندھ کے عوام کو زرداری گروپ سے جلد نجات دلائیں گے، سندھ میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں، پی ٹی آئی سندھ میں زرداری گروپ کے خلاف جہاد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ووٹ کی طاقت سے سندھ میں زرداری مافیا کو شکست دے گی، امپورٹڈ حکومت نے انتقامی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔