رائل میل اورورکرز یونین کے درمیان تنخواہ کا تنازع طے پاگیا

17 اپریل ، 2023

لندن (پی اے) رائل میل اینڈ کمیونی کیشن ورکرز یونین اور ادارے کے درمیان تنخواہ کا تنازع اصولی طورپر طے پا گیا ہے، اب ورکرز یونین کے عہدیدار اگلے مہینے کی بیٹھک میں ڈیل کی منظوری دینے پر غور کریں گے۔ اگر ڈیل منظورکرنے کا فیصلہ کیا گیاتو پھر یونین کے ارکان سے اس کیلئے ووٹنگ کرائی جائے گی۔ گزشتہ سال سے ورکرز کے ساتھ تنخواہوں، ملازمتوں اور حالات کار کے حوالے سے تنازع چلا آرہا تھا۔ توقع ہے کہ معاہدے کی تفصیلات اگلے ہفتے جاری کی جائیں گی، اس حوالے سے جاری کئے گئے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کم وبیش ڈیڑھ سال کے مذاکرات کے بعد رائل میل اور دی کیمونی کیشن ورکرز یونین یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کرتے ہیں کہ وہ اصولی طورپر ایک معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں۔ یونین کے جنرل سیکرٹری ڈیو وارڈ اور ڈپنی جنرل سیکرٹری اینڈی فورے کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے بعد ہم ارکان کے سامنے ان کی رائے لینے کیلئے ایک مکمل کمیونی کیشن پلان رکھیں گے۔ انھوں نے معاہدے کے دوران صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے اور یونین کو مکمل سپورٹ فراہم کرنے پر ورکرز کا شکریہ ادا کیا۔ رائل میل ورکرز نے گزشتہ سال کرسمس کے موقع پر کی جانے والی ہڑتال کے علاوہ کئی مرتبہ ہڑتالیں کیں، اس مہینے کے اوائل میں یونین اور پوسٹل سروسز کے درمیان بات چیت اور ورکرز یونین مزید ہڑتالوں کا اعلان کرنے کیلئے مذاکرات سے الگ ہوگئی تھی لیکن اس وقت یونین کے رہنمائوں نے محسوس کیا کہ اس وقت مزید ہڑتالیں مناسب نہیں ہوں گی، اس مہینےکے شروع میں رائل میل نے کہا تھا کہ دوبارہ ہڑتال کرنے کے معنی یہ ہوں گے کہ پوسٹل سروس ایڈمنسٹریشن میں چلی جائے گی۔ اس کا کہنا ہے کہ ہڑتالوں سے کمپنی کو 200 ملین کا نقصان ہوا۔