پی ٹی آئی نے آزادکشمیر کی سیاست کو تماشا بنا دیا، راجہ ممتاز خان

17 اپریل ، 2023

مظفرآباد(جنگ نیوز )آزادکشمیر پنشنرز ایسوسی ایشن کے بزرگ رہنما راجا ممتازخان نے کہا ہے کہ وزارت عظمیٰ جیسے عظیم منصب کو کھیل تماشہ نہ بنایا جائے یہ خطہ بڑی قربانیوں کے بعد ملا ہے،پی ٹی آئی نے آزادکشمیر کی سیاست کو تماشہ بنا دیا ہے ، تنویر الیاس جیسے سیاسی بونے پیسوں کی چمک پریکدم وزیراعظم بن جائیں تو ریاستی ادارے کمزورمعاشرے میں ادب واحترام،بھائی چارہ، ختم ہوجاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار لیگی بزرگ رہنما راجہ ممتاز خان نے بیس کیمپ کے اقتدار کی تبدیلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ تنویر الیاس کا ایک سال بعد اچانک اقتدار سے چلے جاناخاص بات ہے انہیں پنشنرز کی بدعائیں لگی ہیں سابق وزیراعظم تنویرالیاس کو بزرگ کتنی مرتبہ ملاقات کیلئے مراسلے بھیجتے رہے مگر سمجھ نہیں آتی انہیں بزرگ لوگوں سے نفرت کیوں ہے ۔انہوں نے عمررسیدہ لوگوں کا احترام اورانہیں ترجیح نہ دے کر اللہ پاک نے انہیں وزیراعظم کے منصب سے باہر پھینک دیا۔