اسٹیل کے شعبے میں ساڑھے 5ارب ٹیکس چوری کا انکشاف

17 اپریل ، 2023

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) نے اسٹیل سیکٹر میں ساڑھے 5 ارب روپے کی ٹیکس چوری کی سہولت فراہم کرنے والے قوانین میں واضح تضادات کا پتا لگایا ہے اور چوروں سے وصولی کے طریقے تجویز کیے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق محتسب نے اپنے نتائج میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو سفارش کی کہ وہ آزاد اور موثر بازیابی کی کارروائی کیلئے اسٹیل کیسز کے دائرہ اختیار کو کارپوریٹ ٹیکس آفس (سی ٹی او) لاہور سے لے کر لارج ٹیکس پیئرز آفس (ایل ٹی او) یا ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) لاہور کو دوبارہ دے۔محتسب کے مطابق اسی طرح کسی بھی افسر/عہدیدار کا ماضی میں کوئی تعلق ہو تو اسے اسٹیل کے پگھلانے والے کیسز سے منسلک نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی ان کیسوں کا نیا دائرہ اختیار تفویض کرنا چاہیے۔ایف ٹی او کے قانونی مشیر الماس علی جووندہ نے کہا کہ اس کے تفتیشی شعبے، ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو سروس کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر ہونے والے نقصان کی وصولی کی بھی سفارش کی گئی ہے۔