سب کا ہدف پاکستان ٹیم کو نمبر ون بنانا، محمد رضوان

17 اپریل ، 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان نے کہا ہے کہ نمبر ون میں ہوں یا بابر، اس سے زیادہ اہم چیز نمبر ون پاکستانی کا ہونا ہے، ہم سب کا یہی ہدف ہے۔ ہماری بیٹنگ دسویں نمبر تک ہے اس لیے یہ نہیں سوچتے کہ پیچھے کون ہوگا۔پہلے میچ کی نسبت وکٹ بہتر تھی مگر نئے گیند پر تھوڑا ٹھہر کر کھیلنا پڑا، کوشش ہوتی ہےکہ کنڈیشن دیکھ کر ہی میچ کو آگے بڑھایا جائے، 70فیصد ہمارا پلان کامیاب ہوتا ہے، 30فیصد غلطیاں ہوجاتی ہیں۔ دوسرے میچ میں بھی پاور پلے میں 59رنز کئے جو اچھا اسکور ہے، کوشش یہی تھی کہ وکٹ نہ گرائیں تو اچھا ٹوٹل لگاسکتے ہیں، ابتدا میں روکا پھر جیسے موقع ملا تو چارج کیا اور 10اوورز میں 90سے اوپر اسکور ہوگیا تھا۔ بابر اعظم کے ساتھ کوشش ہوتی ہے کہ اسٹرائیک روٹیٹ کرتے رہیں، ایک دوسرے کیلئے اپنی وکٹ گنوانے کو بھی تیار ہوتے ہیں۔ پی ایس ایل سے اچھے کھلاڑی مل رہے ہیں۔