پنجاب، KPK میں نگراں حکومتیں مدت پوری کرچکیں، تحریک انصاف

17 اپریل ، 2023

اسلام آباد ( آن لائن )تحریک انصاف نے پنجاب اورخیبر پختونخوا میں 90 روزہ آئینی مدت کی تکمیل کے بعد نگران حکومتوں کا معاملہ عدالتِ عظمیٰ کو بھجوانے کی استدعا کردی ۔مرکزی سینئر نائب صدر فوادچوہدری نےصدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھا ہے کہ جس میں کہاگیاہے کہ پنجاب اور پختونخوا میں دونوں نگران حکومتیں اپنی آئینی مدت مکمل کرچکی ہیں‘دستور نگران حکومتوں کے مدتِ کار میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا۔الیکشن کمیشن نگرانوں کو دونوں صوبوں پر مسلط کئے ہوئے ہے‘90روز گزر جانے کے بعد ان نگران حکومتوں کو کسی طرح قانونی نہیں کہا جاسکتا‘اب ان نگراں حکومتوں کی حیثیت ’’غاصبوں‘‘ کی سی ہے جنہیں فوراً ہٹایا جانا چاہئے۔ خط میں فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ دستور نگران حکومتوں کو صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کا واحد فرض سونپتا اور اس کیلئے 90 روز کی مہلت دیتا ہے۔نگران حکومتیں ایک طرح سے الیکشن کمیشن آف پاکستان ہی کی توسیع ہیں‘دستور نگران حکومتوں کو اہم پالیسی فیصلہ سازی سے روک کر روزمرہ امور کی انجام دہی تک محدود کرتا ہے۔پی ڈی ایم حکومت اور الیکشن کمیشن کے غیرآئینی اور غیرقانونی اقدامات کے باعث انتخابات کے حوالے سے دستور کی طے شدہ مدت گزر گئی۔ صدرِ مملکت سے استدعا ہے کہ آئین سے اس سنگین انحراف کا نوٹس لیں۔ صدرِ مملکت مشاورتی ( ایڈوائزری ) دائر ہ اختیار کے تحت معاملہ عدالتِ عظمیٰ کو بھجوائیں۔