1200پٹرول پمپس کھولنے کے اجازت نامے، ہزاروں ملازمتیں پیدا ہونگی، وزیر اعلیٰ محسن نقوی

17 اپریل ، 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے بیروزگاری میں کمی اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے پنجاب بھر میں پٹرول پمپس کے عرصہ دراز سے زیر التواء این او سیز یکم مئی تک جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے اورمتعلقہ حکام کو تمام این او سیز 15 روز میں کلیئر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں پٹرول پمپس کے لئے 1264 درخواستیں عرصہ دراز سے التواء کا شکار ہیں۔ہر پٹرول پمپ پر اوسطا 30 سے 35 لوگوں کو روزگار ملے گا۔1200 سے زائد پٹرول پمپس کو این او سیز ملنے سے 30 ہزار سے زائد لوگ برسر روزگار ہوں گے۔ محسن نقوی نے این او سیز کے اجراء میں شفافیت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے ، وزیراعلیٰ نے جنوبی وزیرستان کے علاقے زرمیلان میں شہید لانس نائیک شعیب علی اور شہید سپاہی رفیع اللہ کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتو ں نے قوم کے بہتر کل کیلئے اپنا آج قربان کیا ، قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر اعلی نے ٹریفک حادثے میں وفاقی وزیر مولانا عبدالشکور کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور مفتی عبدالشکور کی دینی و قومی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔