الیکشن فنڈز کا معاملہ، قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس آج طلب، گورنر اسٹیٹ بینک بھی مدعو

17 اپریل ، 2023

اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) سپریم کورٹ کے پنجاب الیکشن کیلئے سٹیٹ بینک کو فنڈ ز جاری کرنے کے احکامات کا جائزہ لینےکیلئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا خصوصی اجلاس آج پیر کو طلب کر لیاگیا ہے اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئر مین قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں سٹیٹ بینک کو فنڈز جاری کرنے کے احکامات کا قانونی جائزہ لیا جائیگااور سفارشات مرتب کی جائیں گی،اجلاس میں وزیر قانون وانصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیر تجارت سید نوید قمر ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوا ن، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور آڈیٹر جنرل محمد اجمل گوندل کو خصوصی طور پر خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے اسکے علاوہ کمیٹی کے ارکان اور دیگر اداروں کے اعلٰی حکام بھی اجلاس میں شریک ہونگے ، ایجنڈا میں کہا گیا ہےکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کی منظوری کے بغیر سٹیٹ بینک کو پنجاب اسمبلی کے الیکشن کروانے کیلئے فنڈز جاری کرنے کے احکامات جاری کئے جن کا جائزہ لیا جائیگا، کمیٹی کا اجلاس آج صبح 10بجے ہوگا۔