وفاقی ترقیاتی پروگرام کے جاری منصوبوں کیلئے 129 ارب جاری

17 اپریل ، 2023

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی ، مہتاب حیدر) وزارت منصوبہ بندی نے چوتھی سہ ماہی کے دوران وفاقی ترقیاتی پروگرام کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے 129 ارب روپے جاری کردیئے، 129 ارب روپے میں فاٹا ، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے 27 ارب روپے بھی شامل ہیں ، ذرائع کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال وفاقی ترقیاتی پروگرام کے مختلف منصوبوں کےلیے مقررہ ہدف 714ارب روپے کےمقابلے میں 320ارب روپے خرچ کیے ہیں جبکہ وزارت منصوبہ بندی کے مطابق وزارت نے ترقیاتی منصوبوں کےلیے مجموعی طور پر 600ارب روپے جاری کیے اورآخری سہ ماہی کے دوران 129ارب روپے جاری کیے ہیں ،سرکاری اعدادشمار میں وزارت کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کے اجرا اور ان کے خرچ کے درمیان بہت بڑا فرق ہےکیونکہ وزارت خزانہ نے وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری کیے گئے 600ارب روپے کے فنڈز میں سے مکمل طور پر فراہم نہیں کیے،اور اس میں تقریباً 50فیصد کا فرق ہے،ذرائع کے مطابق مارچ کے آخر تک وزارت منصوبہ بندی نے 471ارب روپے ترقیاتی فنڈز کےلیے جاری کیےتھے اور اس میں سے 316ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں ، 129ارب روپے کے اجرا کے بعد 16اپریل تک وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے مجموعی اجرا600ارب روپے کا ہوگیا ہے،وزارت منصوبہ بندی کے جاری اعداد وشمار کےمطابق وزارت آبی وسائل کو 30 ارب روپے ، وزارت مواصلات 22 ارب روپے ، ہائر ایجوکیشن کمیشن 7 ارب روپے ، ہاؤسنگ اینڈ ورکس 4 ارب روپے ، وزارت ریلوے 8 ارب روپے جبکہ وزارت توانائی کو 5 ارب جای کیے گئے ، آخری سہ ماہی کے لئے جاری 129 ارب روپے کے بعد مجموعی ترقیاتی بجٹ 600 ارب روپے ہو گیا ہے ، وزارت منصوبہ بندی کے مطابق رواں سال کے ترقیاتی بجٹ میں گذشتہ سال کے 550 ارب روپے میں مقابلے میں 50 ارب روپے زائد جاری کئے گئے ہیں ، ملک میں جاری معاشی بحران کے باوجود وزارت منصوبہ بندی نے چوتھی سہ ماہی میں فنڈز کے اجرا کو یقینی بنایا،گذشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے کوئی ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کئے گئے تھے، وزارت آبی وسائل کو دیے جانے والے 30 ارب روپے کے منصوبوں میں دیا میر بھاشا ڈیم ، مہمند ڈیم ، کچی کنال ، نئی گج ڈیم اور کراچی بلک واٹر سپلائی کے منصوبے شامل ہیں، مواصلات کو دیے جانے والے 22 ارب روپے میں خضدار کچلاک روڈ ،اور پرانی بنوں روڈ کو دو رویہ کرنے کا منصوبہ شامل ہے ،ریلوے کو جاری کئے جانے والے 8 ارب روپے کے تحت 320 مسافر بوگیوں اور مال بردار گاڑیوں کی خریداری کے منصوبے شامل ہیں،وزارت توانائی کو دیے جانے والے 5 ارب روپے کے تحت کراچی کوسٹل پاور پروجیکٹ منصوبہ ، مکران ٹی ایل اور جیوانی ٹی ایل منصوبے شامل ہے،وزارت منصوبہ بندی کا یہ اعلامیہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت نے پنجاب میں الیکشن کےلیے الیکشن کمیشن کو 21ارب روپے فراہم نہیں کیے۔