جسٹس جمال مندوخیل کا نوٹ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری نہ ہوسکا

17 اپریل ، 2023

اسلام آباد(نیٹ نیوز)سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال خان مندوخیل کا نوٹ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری نہ ہوسکا،جسٹس جمال نے آرٹیکل 199 کے تحت انٹرا کورٹ اپیل کا حق دینے کے معاملےکا نوٹس لیا تھا۔ جسٹس جمال نے اپنے نوٹ میں لکھا ہے کہ کیا آرٹیکل 199 کے آئینی اختیار میں صدارتی آرڈی ننس کے تحت اپیل کا حق دیا جاسکتا ہے؟اس نوعیت کا معاملہ آٹھ رکنی لارجر بینچ کے سامنے زیر التواء ہے۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا ہے کہ عوامی اہمیت، بنیادی حقوق کے معاملات میں آرڈی ننس یا پارلیمانی قانون سازی سے اپیل کا حق دیا جا سکتا ہے۔دریں اثناجسٹس جمال خان مندوخیل نے اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور اسلام آباد کو نوٹس جاری کردیا،جسٹس مندوخیل نے معاملہ آٹھ رکنی لارجر بینچ کے سامنے لگانے کیلئے چیف جسٹس کو بھجوادیا۔جج جسٹس حسن اظہر رضوی نے بینچ کے سربراہ جسٹس جمال مندوخیل کے فیصلہ سے اختلاف کیا ہے اور کہا ہے کہ معاملے پر اپنا الگ نوٹ لکھوں گا۔دو رکنی بینچ نے معاملہ ٹائی ہونے پر مناسب احکامات کے لیے چیف جسٹس کو بھجوادیا۔