شہبازشریف ہسپتال ،سکیورٹی عملہ کا تنخواہوں کیلئے احتجاج

19 اپریل ، 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) شہباز شریف ہسپتال ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں سکیورٹی عملے کو چار ماہ سے زائد گزرنے کے باوجود تنخواہیں جاری نہیں ہوسکیں ، جس پر سیکوریٹی ملازمین نے احتجاج کیا ہے ، سیکوریٹی عملہ کی جانب سےگزشتہ روز شہباز شریف ہسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، احتجاجی مظاہرے کی قیادت سیکیورٹی گارڈ منیر عباس،ذوالفقار علوی،اختر عباس،محمد عمران ،محمد نواز نے کی اور اس موقع پر نیشنل پولیس فاؤنڈیشن سروسز کے ریجنل ڈائریکٹر کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی ، اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار ماہ سے انہیں تنخواہیں نہیں ملیں اب پانچواں مہینہ بھی اختتام پر ہے تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت پہنچ چکی ہے،عید سر پر ہے ، گھریلو اخراجات پورے کرنے کے لیے وہ دوست واحباب اور رشتہ داروں سے لی گئی ادھار سے پورے کررہے ہیں جب تنخواہوں کی ادائیگی کی بات کی جائے تو انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں انہوں نے نگران وزیر اعلی پنجاب آ ئی جی ایڈیشنل آئی جی اور حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ اگر آ ج 19 اپریل صبح دس بجے تک تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی تو وہ شہباز شریف ہسپتال سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی کے دوران اجتماعی خودسوزی پر مجبور ہو جائیں گے جس کے ذمہ دار نگران وزیر اعلی پنجاب اور آ ئی جی ہوں گے۔