ڈاکٹر،پیرامیڈیکس دکھی انسانیت کی خدمت کو شعار بنائیں،سیکرٹری ہیلتھ

19 اپریل ، 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر ) سیکریٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب مہر محمد حیات لک نے کہا ہے کہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکس وقت کی پابندی کریں، دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت کو موثر طور پر لوگوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جائے۔ یہ باتیں انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لودھراں اور ٹراما سنٹر و رورل ہیلتھ سنٹر مخدوم عالی کا دورہ کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لودھراں میں زنانہ و مردانہ ایمرجنسی، پیڈز نرسری، کارڈیک وارڈ، لیبر روم، ڈینگی وارڈ، ڈائیلاسز یونٹ اور میڈیکل وارڈ میں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال کی ایمرجنسی میں وائٹل کاونٹر پر ضرور طبی آلات کی موجودگی اور او پی ڈی فارمیسی میں ادویات کی دستیابی اور ریکارڈ کو بھی چیک کیا۔ جاری مرمتی و تزین وآرائش کے کام کا بھی معائنہ کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو جاری کام کو معیار کو یقینی بناتے ہوئے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کی جانب سے اوور کوٹ نہ پہننے پر انہوں نے خفگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹاف کی یونیفارم ہی ان کی پہچان ہے۔ ڈاکٹروں ا دوران ڈیوٹی سفید کوٹ نہ پہننا افسوسناک ہے۔۔ بعد ازاں انہوں نے ٹراما سنٹر و رورل ہیلتھ سنٹر مخدوم عالی کا بھی دورہ کیا ۔