ڈی جی خان ڈویژن میں کئی سال سے زیر التواکیسز کیلئے این او سی کا اجرا

19 اپریل ، 2023

ڈیرہ غازیخان(نمائندہ جنگ) ڈی جی خان ڈویژن میں کئی سال سے زیر التوا تمام 44 کیسز کی منظوری کے بعد این او سی کا اجراء کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنرز کو 15 روز کے اندر ہاوسنگ کالونیوں اور بلڈنگز پلان کے بھی کیسز نمٹانے کے احکامات جاری کردئیے گئے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے این او سی مالکان کے حوالے کئے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات علی عمران،ماہر ماحولیات پروفیسر ڈاکٹر اسحاق اور دیگر موجود تھے۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں نئے 19 پٹرول پمپس،24 پولٹری شیڈز اور 1 وئیر ہاؤس کیلئے این او سی کی منظوری دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں اب کوئی کیس زیر التوا نہیں۔پٹرول پمپس،پولٹری شیڈز اور وئیر ہاؤسز بننے سے مقامی سینکڑوں لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ چاروں ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ 15 روز کے اندر ہاوسنگ کالونیوں، بلڈنگز پلان اور دیگر زیر التوا کیسز نمٹا کر رپورٹ پیش کریں۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی عوامی فلاح کیلئے کام کررہے ہیں۔