عدلیہ اور پارلیمنٹ”آئین وقانون“ کے محافظ ادارے ہیں:فخرامام

19 اپریل ، 2023

کبیروالا(نامہ نگار) پاکستان کو تاریخ کے سنگین ترین حالات کا سامنا ہے،عدلیہ اور پارلیمنٹ”آئین وقانون“ کے محافظ ادارے ہیں،ملکی سلامتی واستحکام اور جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے دونوں اداروں کے آئینی کردارواضح ہے،سیاسی معاملات میں الجھاؤ اور ابہام پیدا کرنے کی بجائے افہام وتفہیم کا راستہ اپنانے میں ہی ملک وقوم کا مفاد ہے،الیکشن کرائے بغیر سیاسی اور معاشی معاملات میں بہتری لانا کسی صورت بھی ممکن نہیں ہوسکتا،ان خیالات کا اظہار سابق وقافی وزیر قومی غذائی تحفظ وتحقیق اور ممبر قومی اسمبلی فخرامام نےمختلف یونین کونسلوں کا دورہ کرنے کے دوران معززین علاقہ،سید گروپ کے رہنماؤں،کارکنان سے ملاقات کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو معاشی،سیاسی اور عدالتی حوالوں سے تشویشناک صورتحال کا سامنا ہے،ایسے حالات میں ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات مسلسل اضافہ ہورہا ہے،جس سے عالمی سطح پر پاکستان کے ایک پرامن ریاست ہونے کے تاثر پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں،جس پر حکومت کو خصوصی توجہ دینی چاہیے۔قبل ازیں انہوں نے مختلف یونین کونسلوں میں کے علاقوں سندیاں والامیں مہر رفاقت حسین ہراج کی ہمشیرہ،قتال پور میں منشی محمد نواز کے چچا،درس پل میں ماسٹر محمد یٰسین ماہو،حاجی دوانہ گھمن ماڑ ی میں مہرمحمد سکندر دوانہ کے برادر نسبتی کی وفات پر ان کی رہائشگاہوں پر جاکر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائے بلندی درجات کی۔ اس موقع پر چوہدھری رجب علی ارائیں اور مہر گوہر الطاف ہراج بھی ان کے ہمراہ تھے۔