پانچ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سکیورٹی گارڈز کی ہڑتال

19 اپریل ، 2023

مظفر گڑھ (نمائندہ جنگ) پانچ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سکیورٹی گارڈز نے ہڑتال کردی، سکیورٹی گارڈز نے ہسپتال کے ایم ایس کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا اور تنخواہیں ادا کرنے کا مطالبہ کیا، تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سکیورٹی گارڈز کو گزشتہ 5 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ہسپتال کے تمام مردو خواتین سکیورٹی گارڈز نے مکمل طور پر کام بند کرکے ہڑتال کردی اور ایم ایس آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا، احتجاج کرنے والے سکیورٹی گارڈز کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ عید نزدیک آگئی ہے اور اپنے بچوں کی عید کی تیاریاں تو درکنار، اپنی بنیادی ضروریات زندگی پوری کرنے کے لیے بھی محتاج ہوکر رہ گئے ہیں، مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر انہیں تنخواہیں نہ ملیں تو وہ خودکشی پر مجبور ہوجائیں گے، مظاہرین نے کمپنی کی جانب سے تنخواہوں میں کٹوتیوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی، دوسری جانب ایم ایس ڈاکٹر ضیاء الحسن کے مطابق سکیورٹی کمپنی نے یقین دہانی کروائی ہے کہ  چند روز میں سکیورٹی گارڈز کو تنخواہیں ادا کردی جائے گی۔