مظفرگڑھ،عید کی چھٹیوں میں شہروں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت

19 اپریل ، 2023

مظفر گڑھ(نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے کہا ہے کہ عید کی چھٹیوں کے دوران شہروں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، تمام شہری علاقوں میں صفائی کا خصوصی عملہ تعینات کیا جائے، متعلقہ اہلکاروں کی ڈیوٹیاں ابھی لگا دی جائیں، ہر تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنرز خود نگرانی کریں اور انتظامات کو یقینی بنائیں، یہ بات انہوں نے میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹی کے چیف افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ عید کے موقع پر شہر، مرکزی چوکوں، شاہرات کی صفائی، گٹروں کے ڈھکن، رات کو سٹریٹ لائٹس کو فعال رکھنے کو یقینی بنایا جائے، چاند رات کو بازاروں میں سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں کے ایام میں مسافروں کی آمد و رفت کے لیے کرایہ متعین کر دیا گیا ہے اور اس پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے، اوور چارجنگ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر کے لاری اڈوں اور ویگن سٹینڈز پر کرایہ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے۔