رواں برس شجرکاری مہم کے دوران 30 ہزار پودے لگائیں جائیں گے، ڈپٹی کمشنر

19 اپریل ، 2023

لودھراں(نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر لودھراں سید مشہد رضا کاظمی نے ڈپٹی کمشنر آفس میں پام کا پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، اس موقع پر خصوصی دعائیہ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ لودھراں اور لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے باہمی اشتراک سے امسال شجرکاری مہم کے دوران 30 ہزار پود ے لگائیں جائیں گے، شجرکاری مہم کے دوران سرکاری محکموں کی جانب سے 20 ہزار پودے جب کہ 10 ہزار پودے لودھراں پائلٹ پرا جیکٹ کی جانب سے لگائے جائیں گے، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیدہ آمنہ مودودی، اسسٹنٹ کمشنر لودھراں اشرف صالح، پروگرام کو آرڈینیٹر لودھراں پائلٹ پراجیکٹ شاہد حنیف سمیت دیگر موجود تھے، تقریب کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیدہ آمنہ مودودی نے پریس بریفننگ میں کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور آئندہ نسلوں کی بقا کیلئے شجر کاری وقت کا ناگزیر تقاضا ہے، درخت دھرتی کا حسن ہیں جو ماحول کو سرسبز و شاداب رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔