سوڈان:فوجی کمانڈروں کا 24گھنٹے کی جنگ بندی پر اتفاق

19 اپریل ، 2023

کراچی (نیوزڈیسک)سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں شدید لڑائی کے بعد حریف فوجی کمانڈروں نے منگل کی شام سے 24 گھنٹے کی جنگ بندی پراتفاق کیا ہے۔انھوں نے امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن سے فون پرگفتگو کے بعد جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔سوڈان کی حکمراں فوجی کونسل کے رکن جنرل شمس الدین قباشی نے العربیہ ٹی وی کو بتایا کہ جنگ بندی مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگی اور طے شدہ 24 گھنٹوں سے آگے نہیں بڑھے گی۔امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے آرمی چیف اور نیم فوجی سریع الحرکت فورس (آر ایس ایف) کے سربراہ سے الگ الگ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔ان دونوں فورسزکے درمیان طاقت کی کشمکش میں 185 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور دہائیوں کی آمریت اور فوجی حکمرانی کے بعد سویلین انتقال اقتدارکے لیے بین الاقوامی حمایت یافتہ معاہدے کو پٹڑی سے اتار دیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ سوڈان کے دارالحکومت میں منگل کو چوتھے روز بھی فائرنگ کی آوازیں گونجتی رہیں اور اس کے ساتھ ہی جنگی طیاروں اور دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیں۔