موبائل انٹرنیٹ کی رفتار، پاکستان دنیا بھر میں 125ویں نمبر پر

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد (ساجد چوہدری) انٹرنیٹ کی رفتار اور کارکردگی کا تجزیہ کرنے والی فرم اوکلا نے پاکستانی موبائل انٹرنیٹ اور فکسڈ براڈ بینڈ کنکشنز پر اپنی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان 2023 کی پہلی سہ ماہی جنوری مارچ میں موبائل انٹرنیٹ کی رفتار کے لحاظ سے دنیا میں 125 ویں نمبر پر رہا۔ ڈائون لوڈنگ کی اوسط رفتار 15اعشاریہ 14 ایم بی پی ایس، 8اعشاریہ 58 ایم بی پی ایس اپ لوڈ کی رفتار اور 29ایم ایس لیٹنسی ہے۔ ڈائون لوڈ کی رفتار کے لحاظ سے جاز بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا موبائل انٹرنیٹ فراہم کنندہ ہے جس کی اوسط ڈائون لوڈ رفتار 21اعشاریہ 93ایم بی پی ایس تھی۔ زونگ 13اعشاریہ 92ایم بی پی ایس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ یوفون اور ٹیلی نار بالترتیب 9اعشاریہ 61ایم بی پی ایس اور 4اعشاریہ 86 ایم بی پی ایس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔ زونگ لیٹنسی کے چارٹ میں سرفہرست ہے۔