نوازشریف کے بغیر الیکشن، خونی لکیر کھینچ دی گئی، جاوید لطیف

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہاگر 2023 کا انتخاب نواز شریف کو باہر رکھ کر کرایا گیا تو خونی لکیر کھینچ دی جائے گی جو مٹانے سے بھی نہیں مٹے گی ،کوئی ان نتائج کو تسلیم نہیں کرے گا، آئین توڑنے والوں کو تحفظ دینے والوں پر بھی آرٹیکل 6 لگنا چاہئے۔مسلم لیگ ن پر الزام ہے کہ سپریم کورٹ پر حملہ کیا گیاکیا تین چار گملوں کا ٹوٹنا سپریم کورٹ پر حملہ ہے لیکن جنہوں نےسول کورٹ ہائی کورٹ پر حملہ کیا،وہ حملہ نہیں تھا۔توہین عدالت کی مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ غلیل استعمال کی گئی ، شیل پھینکے گئے، نعرے بازی کی گئی ،سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے نا اہل کئے گئے۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل 90 دن میں انتخابات کی بات ہو رہی ہے۔ 90 روز الیکشن کرانے سے کوئی انکاری نہیں ہےلیکن ملک کی داخلی ‘ خارجی اور معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے۔اس صورتحال کے با وجود اگر کوئی ضد کرے تو ٹھیک ہے۔لیکن 2002‘2008اور2018 کے الیکشن میں میری قیادت کو الیکشن سےباہر رکھ کر الیکشن کرایا گیا۔آر ٹی ایس کو بٹھایا گیا۔ سہولت کاری کی گئی ۔ اس وقت کسی کو قانون اورآئین کا خیال نہیں آ یاکہ میری قیادت کے ساتھ کیا ہوا۔ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینے والے ججوں کو کیا لوگ جج کہتے ہیں لوگ ان کو جج نہیں بلکہ قاتل کہتے ہیں ،کیا نواز شریف کو سزا دینے والوں کو آج لوگ جج کہتے ہیں کچھ لوگ بھاشن دیتے ہیں کہ آئین اور قانون کی پاسداری ہونی چاہیے ۔ ہمیں اداروں کا بڑا احترام ہے مگر یہ بتایا جا ئے کہ کیامارشل لاء کو آئینی کور دینے والی یہ پارلیمنٹ ہے یا ساتھ والی عمارت ہےکیا آئین توڑنے و الوں کوآئینی کور دینے والے ججوں پر آرٹیکل چھ نہیں لگنا چاہیے۔