ملتان سمیت مختلف شہروں میں تیز آندھی کے بعد بارش‘موسم خوشگوار

19 اپریل ، 2023

ملتان‘میلسی ‘عبدالحکیم ‘ڈیرہ غازی خان (سٹاف رپورٹر‘نامہ نگاران ‘نمائندہ جنگ )ملتان سمیت مختلف شہروں میں تیز آندھی کے بعد بارش‘موسم خوشگوار ہو گیا ۔ ملتا ن میں گذشتہ روز تیز آندھی نے کمزور درخت اور بورڈز اکھاڑ دئیے ‘میپکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی ۔رات گئے تک تیز ٹھنڈی ہوا اور بارش نے روزہ داروں کو تازہ دم کردیا ۔میلسی اور گردونواح میں رات گئے بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا ۔ بارش کی وجہ سے گندم کی کٹائی اور گہائی رک گئی ۔ڈی جی خان شہر، کوہ سلیمان، سخی سرور اور گرد و نواح کے علاقوں میں تیز آندھی، بارش آنے کے ساتھ ہی متعدد دکانوں کے سائن بورڈ اُڑ گئے اور میپکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے، ڈی جی خان شہر اندھیرے میں ڈوب گیا اور خواتین کو افطاری کی تیاری میں مشکلات کا سامنا رہا،عبدالحکیم اور گردو نواح میں سحری کے وقت پہلے آندھی پھر وقفے وقفے سے بارش ہوئی، جس کی وجہ سے بجلی بند ہونے سے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا رہا، جلیل پور، امید گڑھ، دھرم پورہ، شہادت کندلہ، دین پور، باگڑ کوٹ اسلام، حویلی کورنگہ، بربیگی، قتال پور، کنڈ سرگانہ، درکھانہ بار اور گھگہ بار میں سحری کے انتظامات متاثر ہوئے، گندم کی کٹائی معطل اور گہائی بھی متاثر ہوئی، گلی محلوں میں بارش کے پانی سے کیچڑ جمع ہو گیا۔