عیدکیلئے نئے کرنسی نوٹوں کا کام عروج پر بازاروں میں جعلی نوٹ بھی گردش کرنے لگے

19 اپریل ، 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) عید خریداری بڑھ گئی، بازاروں، مارکیٹوں میں 500، 1000 اور 5000 روپے والے جعلی نوٹ تیزی سےگردش کرنے لگے،سٹیٹ بینک نے بھی شہریوں کو محتاط رہنے کا کہ دیا، عید کی آمد آمد ہے اور اس کے ساتھ ہی ملتان شہر میں ایک بار پھر جعلی نوٹ پھیلانے والے گروہ سرگرم ہو گئے ہیں، جعلی کرنسی کے واقعات میں اضافہ ہونے سے دکانداروں اور شہریوں میں جھگڑے بھی معمول بنتے جا رہے ہیں، سٹیٹ بینک نے اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کا کہ دیا، حکام کا کہنا ہے کہ 500 روپے، 1000روپے اور 5000 روپے کے جعلی نوٹ زیادہ پھیلائے جا رہے ہیں، دکانداروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ نوٹ لیتے ہوئے اس کو اچھی طرح چیک کیا کریں، عید الفطر کے حوالے سے نئے کرنسی نوٹس کا کام عروج کو پہنچ گیا، سٹیٹ بینک سمیت دیگر بینکس کی جانب سے اس سال نئے کرنسی نوٹس کی تقسیم کا کام نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے شہر میں نئے کرنسی نوٹوں کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، نئے کرنسی نوٹوں کا کاروبار کرنے والے منہ مانگے داموں پر نئے کرنسی نوٹ (سٹاک شدہ) کی فروخت کا کام کر رہے ہیں، گزشتہ روز گھنٹہ گھر، حرم گیٹ،کینٹ وغیرہ میں نئے کرنسی نوٹوں کی دکانوں پر شہریوں کا رش رہا اور دکاندار زائد نرخوں پر 10، 20، 50 اور 100 روپے کے نوٹوں کے پیکٹ فروخت کرتے رہے۔