کچہ میں پولیس کی پیش قدمی جاری، مزید چار ملزمان گرفتار ‘ڈاکوئوں کےٹھکانے تباہ

19 اپریل ، 2023

رحیم یار خان ، محمد پور دیوان،ڈیرہ غازیخان (سٹی رپورٹر،نمائندہ جنگ،نامہ نگار)کچہ آپریشن کے دسویں روز پولیس کے تازہ دم دستوں کی چک کپڑا اور خیر پور بمبلی میں پیش قدمی جاری۔ پولیس نے مزید چار کارندے گرفتار کرلیے۔تفصیلات کے مطابق راجن پور کچہ کے علاقہ میں آر پی او کیپٹن (ر)سجاد حسن خان کی زیر کمانڈ آپریشن کامیابیاں سمیٹتے ہوئے دسویں روز میں داخل ہو چکا ہے۔ پولیس کی پیش قدمی کے دوران درجنوں مقامات پر کچہ کرمنلز اور پولیس فورس کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔ پولیس نے نو گو ایریا سمجھے جانے والے کچی مورو، کچہ جمال اورچراغ شاہ کے علاقوں کی ہزاروں ایکڑ اراضی کو کچہ کرمنلز سے کلیئر کروا کر پکٹس قائم کر دی ہیں ۔ آپریشن کے دسویں روز آر پی او کیپٹن (ر)سجاد حسن خان اور ڈی پی او راجن پور مہر ناصر سیال کی زیر کمانڈ جدید ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں سے لیس پولیس کے تازہ دم دستوں نے چک کپڑا اور خیر پور بمبلی کے نوگو ایریا سمجھے جانے والے علاقوں میں پیش قدمی کی ۔شدید فائرنگ کے تبادلہ کے بعد دہشت گردوں کے قدم اکھڑ گئے اور پولیس دستوں نے چک کپڑا اور خیر پور بمبلی کا کنٹرول سنبھال لیا، جہاں پر دہشت گردوں کے قائم کیے گئے خفیہ ٹھکانےاور کمین گاہیں تباہ، مسمار و نظر آتش کر دئیے گئے اوران علاقوں میں پولیس پکٹس قائم کرکےریاست اور قانون کی رٹ قائم کر دی گئی ہے ۔چک کپڑا اور خیر پور بمبلی سے بھاگ نکلنے والے دہشت گرد اور ڈاکوکی سندھ فرار ہونے کی کوشش میں ہیں جن کا تعاقب جاری ہے ، تمام راستوں کو سیل کر کےاور دریا میں کشتیوں پر پولیس کی گشت سے مجرمان کی فراری کے تمام راستوں کو مسدود کر دیا گیا ہے۔ آر پی او نے کچہ کرمنلز سے کلیئر کرائے گئے علاقہ چک کپڑا اور خیر پور بمبلی میں قائم پکٹس کے دورے کر کے پکٹس پر جوانوں کے ہمراہ وقت گذارا اور روزہ افطار کیا۔ آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کا کہنا تھا کہ نو گو ایریاز سمجھے جانے والے علاقوں میں ریاست اور قانون کی رٹ قائم کر دی ہے ۔ادھر ڈی پی او رضوان عمر گوندل کی قیادت میں پولیس فورس کی کچہ آپریشن میں تازہ ترین کارروائیوں میں کوکانی گینگ کے مزید چار کارندے گرفتار کر لیے جن سے دو عدد کلاشن کوفس اور متعدد روند برآمد ہوئے جبکہ پولیس فورس کے دستے کچہ میں پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے۔پولیس آپریشن میں 3 ڈاکو ہلاک اور گرفتار ڈاکوؤں کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔ پولیس اس وقت کچہ میں جزیرہ نما دریائی جنگل جس کے چاروں طرف دریا کا پانی بہہ رہا ہے میں محصور قابل سکھانی کے گرد گھیرا تنگ کیے ہوئے ہے اور لانگ رینج ویپنز سے اس کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم پولیس کو قابل سکھانی کے ٹھانے تک پہنچنے میں دشواری پیش ہے کیونکہ ایک جانب ٹھکانے کے چاروں اطراف پانی کا شدید بہاؤ اور دوسری جانب بھاری ہتھیاروں سے دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہے ۔