دبئی پلازہ آتشزدگی میں جاں بحق تین کزنز کی لاشیں ڈی جی خان پہنچ گئیں

19 اپریل ، 2023

ڈیرہ غازیخان(نمائندہ جنگ)دبئی پلازہ آتشزدگی میں جاں بحق ایک ہی خاندان کے تینوں کزنز کی میتیں ڈی جی خان پہنچ گئیں میتیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔تینوں کزنز کی نماز جنازہ آبائی علاقہ بستی ٹبی کھاڑک میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد تینوں کزنز کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا،لواحقین کے مطابق ملک سجاد کھاڑک نے بیوہ ،تین بیٹے اور تین بیٹیاں،ملک بلال کھاڑک نے بیوہ ،دو بیٹے اور دو بیٹیاں جبکہ ملک عمر فاروق نے بیوہ،دو بیٹیاں اور دو بیٹے سوگواران میں چھوڑے ہیں ۔ ملک عمرفاروق اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا۔لواحقین نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارا آج ہمارا پورا خاندان غمزدہ ہے۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارت کے شہر دبئی کے ایک فلیٹ میں شارٹ سرکٹ اور گیس سلنڈر دھماکے کے بعد آگ لگی فلیٹ میں موجود سولہ سے زائد افراد جان لقمہ اجل بن گئے۔ اس فلیٹ میں ڈی جی خان کے رہائشی ملک سجاد ملک، عمرفاروق اور ملک بلال بھی رہائش پذیر تھے۔