پاکستانی ناظم الامور حملے کے 4 ماہ بعد واپس کابل پہنچ گئے

19 اپریل ، 2023

کابل (این این آئی)افغانستان میں تعینات پاکستان کے ناظم الامور عبیدنظامانی سفارت خانے پر حملے کے چار ماہ بعد واپس کابل پہنچ گئے ۔ایک انٹرویومیں ناظم الامور عبیدالرحمٰن نظامانی نے کہا کہ جی ہاں، میں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ اور پاکستانی سفارت خانے کے پریس قونسلر طاہر نواز نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا۔افغان وزارت خارجہ کے ڈپٹی ترجمان حافظ ضیا احمد نے بھی اس پر کوئی جواب نہیں دیا۔خیال رہے کہ گزشتہ برس 3 دسمبر کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی کے سفارت خانے پر حملہ کیا گیا تھا جہاں ناظم الامور عبیدالرحمن نظامانی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم وہ محفوظ رہے جبکہ ایک سیکورٹی گارڈ شدید زخمی ہوگیا تھا۔دفتر خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ ناظم الامور عبیدالرحمٰن نظامانی کو ہی نشانہ بنایا گیا تھا، بعدازاں کالعدم داعش کے خراسان چیپٹر نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔