خاتون جج دھمکی کیس، عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے، عدالت نے تعمیل زمان پارک میں کرنے کی ہدایت کی اور 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 25مئی تک ملتوی کر دی،ادھراسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی ویڈیولنک پر عدالتوں میں پیشی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے کی۔ پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ عمران خان کو عدالت نے ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے گزشتہ سماعت پر انکی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورنہیں ہوئی، آج بھی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور نہیں ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے علاوہ کسی اور ملزم کے ساتھ بھی ایسا ہی رویہ ہوتا؟ وارنٹ پر عمران خان کی جانب سے ہمیشہ اپیل دائر ہوجاتی ہے ۔ عمران خان کے وکیل علی بخاری نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد انتظامیہ نے عدالت شفٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، عمران خان کی سیکورٹی واپس لینے سے متعلق وفاقی حکومت سے عدالت نے جواب طلب کر رکھاہے، مرضی کی سیکورٹی مہیا کرنے کی ہدایت کی گئی تھی ۔عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کے دیگر مقدمات کی ضمانت کا معاملہ زیرالتوا ہے، ان کی جان کو خطرہ ہے، وہ ابھی ٹھیک طرح نہیں چل پا رہے، عدالت کو عمران خان کی سیکورٹی سے متعلق بھی انتظامات دیکھنے ہیں۔ جج نے کہا کہ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دوبار خارج ہوچکی ہیں، اس پر فیصل چوہدری نے کہا کہ آج نیا دن ہے تو نئی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بنتی ہے، عمران خان اس سے قبل کچہری بھی آتے رہتے تھے، ملک کی تاریخ میں سابق وزرائے اعظم کو سیکورٹی نہ دینے کے باعث ان کی جانیں چلی گئیں۔دوران سماعت عمران خان کی وارنٹ کی عدم تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی۔وکیل علی بخاری نے کہا کہ عمران خان کی وارنٹ تعمیلی رپورٹ بنی گالا بھیجی گئی ، عمران خان بنی گالا رہتے ہی نہیں، آئندہ رپورٹ زمان پارک بھیجیں۔عمران خان کے وکلا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کردی گئی۔عدالت نے عمران خان کے خلاف خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت 25مئی تک ملتوی کرتے ہوئے ان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے اور وارنٹ کی تعمیل زمان پارک میں کرنیکی ہدایت کردی۔جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے عمران خان کو 20ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی ویڈیولنک پر عدالتوں میں پیشی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی ویڈیو لنک پر عدالتوں میں پیشی کی درخواست پرسماعت کی جس میں عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ ویڈیو لنک پر عدالت میں پیش ہوئے۔دورانِ سماعت جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا جہاں استعمال ہوسکتا ہے ہو نا چاہیے، یہ سارا معاملہ صرف عمران خان کی حد تک نہیں، اس درخواست پرفیصلے کے دیگر مقدمات پربھی اثرات ہوں گے۔