حکومت، پی ٹی آئی اپنے موقف میں لچک لائیں، ریڈ لائنز سے پیچھے ہٹیں، سراج الحق

19 اپریل ، 2023

لاہور(آئی این پی )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سیاسی جماعتوں کو قومی انتخابات پر مذاکرات کیلئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی اپنی کوششوں کے تناظر میں واضح کیا ہے کہ کرکٹ کھیلنی ہے تو سب کو میچ کی تاریخ ،گراؤنڈ اور طریقہ کار پر متفق ہونا پڑے گا، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم اپنے موقف میں لچک لائیں، ریڈ لائنز سے پیچھے ہٹیں، جماعت اسلامی نے ملک اور عوام کی خاطر سیاسی جماعتوں کو انتخابات کی ایک تاریخ پر متفق کرنے کیلئے کوششوں کا آغاز کیا ہے ، جماعت اسلامی کسی کی خواہش پر مذاکرات نہیں کرا رہی،اعلیٰ عدلیہ سے اپیل ہے کہ موقف میں نرمی اختیار کرے اور سیاست دانوں کو مل بیٹھنے کا موقع دے، ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے بھی کہوں گا کہ وہ عوام سے کیا گیا غیرجانبداری کا وعدہ اس طرح پورا کرے کہ سب کو نظر آئے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے خود ہی بال اپنے کورٹ میں ڈال دی ، اگر وہ فل کورٹ بنا دیتے تو کوئی فیصلہ سے انحراف کی جرا ت نہیں کر سکتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ نے مذاکرات کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں، عید کے بعد پیپلزپارٹی کی قیادت اور مولانا فضل الرحمٰن سے بھی ملیں گے، سب کی بات سنیں گے اور اپنی سنائیں گے، کوشش ہو گی کہ الیکشن کی تاریخ پر اتفاق رائے پیدا کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کو انتخابات کی ایک تاریخ پر راضی کرنا ہے ۔