سیلاب سے 10ارب نقصان ہوا، مرمت پر 3 ارب خرچ کئے،وزارت ریلوے

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی)وزارت ریلوے کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ حالیہ سیلاب کی وجہ سے ریلوے کا10ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ، ریلوے نے اپنے وسائل سے مرمت کے کاموں پر 3 ارب روپے خرچ کئے جس کی وجہ سے ادارے کو مالی دبائو کا سامنا ہے مگر اس کے باوجود ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگیوں اور ریٹائرملازمین کی پنشن کے بقایاجات کی ادائیگیاں کی جارہی ہیں۔منگل کو قومی اسمبلی میں عالیہ کامران کے ریلوے ملازمین کو پنشن اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری کرن عمران ڈار نے کہا کہ 18 اپریل کو ملازمین کے اکائونٹس میں تنخواہیں منتقل ہو جائیں گی، پنشنرز کو رقوم کی ادائیگی کے حوالے سے 2022 کلیئر کردیا گیا ہے اب 2023ء کے حوالے سےکام جاری ہے۔ عالیہ کامران نے کہا کہ ابھی تک ملازمین کو مارچ کی تنخواہیں بھی نہیں ملیں۔ پارلیمانی سیکرٹری کرن عمران ڈار نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ریلوے کو 10 ارب کا نقصان ہوا ہے، ہم نے اپنے وسائل سے مرمت پر 3 ارب روپے خرچ کئے ہیں، ریلوے کو مالی مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے بعض اوقات ادائیگیوں میں تاخیر ہو جاتی ہے ʼ توقع ہے کہ صورتحال جلد بہتر ہو جائے گی۔