پاکستان کے مختلف شہروں میں بارش،گرمی کا زور ٹوٹ گیا

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، ساہیوال، سیالکوٹ، سمندری، سرگودھا، بہاولپور، راجن پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔کرک میں بارش سے گرمی کے شدت میں کمی آگئی، آزاد کشمیر اور جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں سمیت وسطی پنجاب اور شمالی و مشرقی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ادھر راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں رات گئے موسم ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکے بادل برسے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی وسطی پنجاب سمیت شمالی ومشرقی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران بعض مقامات پر موسلادھاربارش بھی ہوسکتی ہے۔